District Youth Office Charsadda Conducted First Aid and Rescue Training in Collaboration with Rescue 1122 on 22-07-2026

محکمہ امورِ نوجوانان چارسدہ نے ریسکیو 1122 کے اشتراک سے جنّاح کالج چارسدہ میں فرسٹ ایڈ اینڈ ریسکیو ٹریننگ کا کامیاب انعقاد کیا۔ اس میں 400 سے زیادہ طلبہ نے حصہ لیا۔اس تربیتی سیشن کا مقصد طلبہ کو ہنگامی حالات میں ابتدائی طبی امداد (First Aid) فراہم کرنے، جان بچانے کی بنیادی مہارتوں اور بروقت ریسکیو اقدامات سے آگاہ کرنا تھا۔

ٹریننگ کے دوران ریسکیو 1122 کے انسٹرکٹرز تیمور خان اور صدارت شاہ نے طلبہ کو فرسٹ ایڈ کی اہمیت، مختلف ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے مؤثر طریقۂ کار، سی پی آر (CPR)، خون بہنے کی صورت میں ابتدائی طبی امداد، زخمی افراد کو محفوظ انداز میں منتقل کرنے اور دیگر عملی مہارتوں سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ، رفاقت خان اور ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر چارسدہ، محمد حارث تھے۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رفاقت خان نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فرسٹ ایڈ کی مہارت ہر شہری کے لیے نہایت ضروری ہے، کیونکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت اور درست ابتدائی طبی امداد قیمتی جانوں کو بچانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ایسی عملی تربیت سے بھرپور استفادہ کریں اور اپنی صلاحیتوں کو معاشرے کی خدمت کے لیے بروئے کار لائیں۔

ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر محمد حارث نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوانوں کو جدید مہارتوں اور عملی تربیت سے آراستہ کرنا محکمہ امورِ نوجوانان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مستقبل میں بھی نوجوانوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے اس نوعیت کے مفید تربیتی پروگرامز، ورکشاپس اور سیمینارز کا انعقاد جاری رکھا جائے گا تاکہ وہ ایک باصلاحیت، ذمہ دار اور فعال شہری کے طور پر معاشرے میں اپنا مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

پروگرام کے اختتام پر مہمانانِ خصوصی میں یادگاری شیلڈز تقسیم کی گئیں، جبکہ تربیت مکمل کرنے والے طلبہ میں اسناد (Certificates) بھی تقسیم کی گئیں۔


📋 Event Details
  • Event Date
    22-07-2026
  • No of Audience
    400
  • No of Participants
    400
  • Event Venue
    District Youth Office Charsadda

🖼️ Event Photos
Event Photo
Event Photo
Event Photo
Event Photo
Event Photo